ریاض :سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کورونا ویکسین لگادی گئی،اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین کے قومی منصوبے کے تحت پہلی ڈوز لگوالی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘میں شہریوں اور رہائشیوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے ان کی خواہش اور مستقل پیروی کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہوں’۔

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیہ نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیہ کا کہنا تھا کہ ‘بین الاقوامی سطح پر کورونا کی منظور کردہ ویکسین کا ریکارڈ وقت میں حصول اور عوام کو اس کی فراہمی سعودی عرب کو کورونا کی وبا کا بہترین طریقے سے مقابلہ کرنے والے ممالک میں شامل کرتی ہے’۔

واضح رہے کہ مشرق وسطی کے ممالک سعودی عرب اور بحرین نے 18 دسمبر سے کورونا ویکسین عام افراد کو لگانا شروع کردی تھی، اس طرح دونوں ممالک اسلامی دنیا کے پہلے ممالک بن گئے تھے جہاں ویکسینیشن کا آغاز ہوا۔

Shares: