پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سب سے بڑے ایوارڈز ’لکس اسٹائل ایوارڈز 2020 کی آن لائن تقریب منعقد ہوئی۔

باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 ویں لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب کورونا وبا کے باعث پہلی بار آن لائن منعقد کی گئی اور جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کی گئی اور ایوارڈ تقریب کو سال 2020 کے آخری دن 31 دسمبر کو یوٹیوب پر براہ راست دکھایا گیا۔

اس سال جہاں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی، وہیں اس سال ماضی کے مقابلے میں فاتحین کا فیصلہ بھی مداحوں کی آن لائن ووٹنگ سے کیا گیا تھا۔

عام طور پر لکس اسٹائل ایوارڈز کے زیادہ فاتحین کا اعلان آزادانہ جیوری کرتی ہے تاہم اس سال کورونا کی وبا کے باعث جہاں فاتحین کا اعلان آن لائن ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا-

آن لائن ایوارڈ تقریب میں ورچوئل ریڈ کارپٹ بھی دکھایا گیا، جس میں اداکارہ منشا پاشا اور مہوش حیات سمیت دیگر اداکارائیں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں۔

آن لائن تقریب کی میزبانی اداکارہ مہوش حیات اور احمد علی بٹ نے دی تھی جب کہ فاتحین کو ان کے گھروں پر ایوارڈ پہنچائے گئے تھے، جنہیں ورچوئل تقریب میں دکھایا گیا جبکہ حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکاروں نے آن لائن پرفارم کیا-


گلوکار سجاد علی کے گانے کو ’سونگ آف دی ائیر‘ ایوارڈ دیا گیا جبکہ سنگر آف دی ائیر کا ایوارڈ ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کے نام رہا۔

نامور ادیب انور مقصود کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا جبکہ بیسٹ ٹی وی ایکٹر ویورز چوائس ایوارڈ عمران اشرف اور بیسٹ ٹی وی ایکٹریس ویورز چوائس یمنیٰ زیدی کو دیا گیا۔

بیسٹ ٹی وی ایکٹر کریٹکس چوائس زاہد احمد، بیسٹ ٹی وی ایکٹریس کریٹکس چوائس ایوارڈ اقراء عزیز نے حاصل کیا۔

فلموں کی کیٹیگری میں ’لال کبوتر‘ کو بہترین فلم جبکہ احمد علی اکبر کو بہترین فلم اداکاراور ماہرہ خان کو بیسٹ فلم ایکٹریس ویورز چوائس ایوارڈ دیا گیا اور بہترین اداکار کا ایوراڈ احمد علی اکبر جبکہ 9 سالہ شیث گل کو بھی ایوارڈ دیا گیا-

لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین خاتون ماڈل کا ایوارڈ سال 2020 میں مئی کے مہینے میں جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کو دیا گیا۔

Shares: