(باغی ٹی وی ،شوبز) جان ریمبو عرف افضل خان 22جولائی 1969ء کو پیدا ہوئے اور آج اپنی 50ویں سالگرہ منائیں گے اس موقع پر باغی ٹی وی انہیں زندگی کے 50 برس مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور ان کی صحت اور لمبی عمر کی دعا کرتا ہے جان ریمبو نے 1991ء میں پاکستان ٹیلی وژن کی ڈرامہ سیریز ’’گیسٹ ہائوس‘‘ میں صفائی کرنے والے کا کردار اس خوبی سے ادا کیا کہ آہستہ آہستہ وہ اس سیریز کے سب سے مقبول اداکار بن گئے۔اسی سیریز کے دوران افضل خان عرف جان ریمبو کو معروف فلم ساز حاجی عبدالرشید نے اپنی فلم ’’ہیرو‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کے ہدایت کار سعید رانا تھے جبکہ کہانی اور مکالمے بشیر نیاز نے تحریر کیے تھے۔ فلم ہیرو میں افضل خان کے مقابلے میں مرکزی کردار اداکارہ صاحبہ نے ادا کیا تھا جبکہ اس کے دیگر اداکاروں میں اظہار قاضی اور رنگیلا کے نام شامل تھے۔ افضل خان نے ہیرو کے بعد متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بعدازاں انہوں نے اپنی فلم کی ہیروئن صاحبہ کے ساتھ شادی کرلی۔ اداکارہ صاحبہ مشہور فلمسٹار نشو کی بیٹی ہیں ان کی جوڑی آج بھی فلمی صنعت کی کامیاب جوڑی سمجھی جاتی ہے

Shares: