انسانی جان بہت قیمتی ہے، اسے روڈ حادثات کی نظر نہ کریں، ایس پی موٹر وے سکھر زاہد نذیر وریاہ
سکھر:- تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام،ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن محمد زبیر ہاشمی اور ڈی آئی جی موٹروے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی خصوصی ہدایت کے بعد پورے ملک میں ٹریفک قوانین کی آگاہی اور روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے روڈ سیفٹی کے مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں گمبٹ شہر کے نجی اسکول میں روڈ سیفٹی سے متعلق پروگرام منعقد کیا گیا ہے جس میں اسکول کے بچوں، اساتذہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی ہے۔ تقریب میں موبائل ایجوکیشن کے افسران نے بچوں کو ہیلمٹ کی افادیت، روڈ حادثے کی وجوہات اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کی ہے ۔
اس موقع پر ایس پی موٹر وے سکھر زاہد نذیر وریاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچے آئندہ وقت میں ہمارا مستقبل ہیں اور موٹر وے پولیس ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ پاکستان میں چھوٹے، بڑے بچوں کو روڈ حادثات سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں، تاکہ بچے بڑھے ہوکر جب عملی زندگی میں قدم رکھیں تو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ ہوں، بریف کرنے کا مقصد ہائی وے پر کم عمر بچے موٹر سائیکل چلانے سے گریز کریں جب تک ٹریفک قوانین پر مکمل آگاہی نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہائی وے، تعلیمی درسگاہوں اور دیگر مقامات پر موبائل ایجوکیشن اور آپریشنل اسٹاف کے ذریعے روڈ حادثات سے بچاؤ سے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں روڈ حادثات میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔
اس موقع پر موبل آئل بنانے والی کمپنی کے تعاون سے بچوں اور اسٹاف میں ہیلمٹ اور موٹر سائیکل کے سائیڈ شیشے مفت تقسیم کیے گئے۔موٹر وے پولیس آپریشنل اسٹاف کے ڈیوٹی کے دوران سیفٹی کون و دیگر استعمال ہونے والے سامان کو نمائش کے لئے رکھا گیا اور ان کی افادیت کی بارے میں آگاہی بھی دی گئی۔تقریب میں ڈی ایس پی موٹر وے گمبٹ شوکت علی بھٹی اور ایڈمن آفیسر محمد یاسین جکھرانی بھی موجود تھے جبکہ پیٹران چیف حاکم علی چنہ اور اسکول کے پرنسپل اختیار حسین نے پروگرام کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے مفید پروگرام منعقد کرانے کے لئے امید کا اظہار کیا ہے