پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا.تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید کی زیر نگرانی نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا.

اس حوالے سے ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید نے بتایا کہ پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی خصوصی ہدایات پر پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ کی زیر سرپرستی ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی ڈھاکہ 2021 کی تیاریوں کے سلسلے میں 30 رکنی قومی ہاکی کھلاڑیوں پر مشتمل کیمپ کا آغاز کیا ہے.ہم نے موجودہ کویڈ 19 کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے.

تاکہ حکومتی ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں تربیت کرسکیں.پی ایچ ایف کی جانب سے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جارہی ہے.چونکہ ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخیں آگے بڑھ گئیں ہم اس دوران کھلاڑیوں کو مزید تیکنیکی و فزیکل اعتبار سے مستحکم کریں گے.فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں.امید ہے کیمپ کے اختتام پر قومی ہاکی ٹیم کو پرفارمنس کی بنیاد پر بہتر کھلاڑیوں کا اسکواڈ ملے گا

Shares: