وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے گورنمنٹ میاں میرہسپتال سے انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم کا آغاز کردیا
انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم کوکامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں. 9ماہ سے 15سال کے تقریباً2کروڑ بچوں کو ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے۔
لاہور یکم فروری
-صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے گورنمنٹ میاں میرہسپتال سے انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹر ی محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر)محمد عثمان یونس،ڈپٹی سیکرٹری رافعہ حیدر،ڈپٹی سیکرٹری حافظ قیصرعباس،سی ای اولاہورودیگرافسران سمیت ویکسینیٹرزاور والدین موجود تھے۔ویکسینیٹرنے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی موجودگی میں معصوم بچی کو انسدادٹائیفائیڈ ویکسین کا ٹیکہ بھی لگایا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم کا آغازکیاگیاہے۔انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم یکم سے 15فروری تک پنجاب کے 12اضلاع میں جاری رہے گی۔ انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم پنجاب کے 12اضلاع لاہور،ڈی جی خان،میانوالی،گوجرانوالہ،لیہ،راجن پور،منڈی بہاؤالدین، ملتان، راولپنڈی، چکوال اور پاکپتن کے شہری علاقہ جات میں جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انسدادٹائیفائیڈ ویکسین مہم کوکامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔خصوصی مہم کے دوران9ماہ سے 15سال کے تقریباً2کروڑ بچوں کو ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے۔والدین بچوں کو ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکے قریبی مراکز صحت یاعلاقہ میں آنے والی محکمہ صحت کی ٹیموں سے مفت لگوسکتے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ٹی سی وی ایک محفوظ ویکسین ہے جو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تصدیق شدہ ہے۔عوام سے مہم کوکامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدارپنجاب کے ہربچے کوصحت منددیکھناچاہتے ہیں.
Shares: