لاہور:غیر سرکاری تنظیموں کی شامت آگئی،اطلاعات کے مطابق غیر ملکی فنڈ کھانے والی تنظیموں کے گرد بچھ گیا جال۔ این جی اوز کے حوالے سے ہونیوالی سکروٹنی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ،دو سو این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کو بھیجی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ نے دو سو این جی اوز کی رجسٹریشن ختم کر دی ہے ۔ان این جی اوز کے بارے میں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ نہیں مل سکا اور یہ سکروٹنی کے عمل میں اپنے معیار پر بھی پورا نہیں اُتر سکیں۔

مذکورہ این جی اوز کا عوامی فلاح و بہبود کا صرف بہانہ تھا ، اصل کام پیسہ کمانا تھاجبکہ سو این جی اوز کو بھی چیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے سکروٹنی کا عمل فنڈ کی صاف شفاف تقسیم اور دہشتگردی کی روک تھام کے لیے کیا گیاہے۔

واضح رہے پنجاب حکومت کی جانب سے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خاتمے اور این جی اوز کی مانیٹرنگ کیلئے چیرٹی کمیشن ایکٹ بنایا گیا ہے تمام این جی اوز کو اس ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے، لیکن ایکٹ کی جلد بازی میں تیاری نے متعلقہ محکموں کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

Shares: