شوبز کو مذہب کی خاطر خیر باد کہنے والی اداکارہ نور بخاری کو ایک تقریب میں فیشن کے تحت منفرد حجاب کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا-
باغی ٹی وی : نور بخاری نے دو روز قبل 19 فروری کو اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک دوست کی شادی میں شرکت کی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں انہیں منفرد حجاب میں دیکھا گیا تھا۔
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی خاتون دوست کو شادی کی مبارک باد پیش کی تھی مگر ان کے حجاب پر انہیں صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے اسلامی نہیں بلکہ ‘فیشن ایبل’ قرار دیا۔
شدید تنقید کے بعد نور بخاری نے انسٹاگرام پر کمنٹس سیکشن کو بند کردیا تھا اور انسٹاگرام اسٹوری میں پیغام دیا تھا کہ اگر کسی کو ان کا حجاب اچھا نہیں لگ رہا تو وہ انہیں دیکھنا چھوڑ دیں۔
اداکارہ نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ میں نے اپنی قبر میں اپنا حساب دینا ہے لہذا براہ مہربانی آپ کو میرا حجاب، حجاب نہیں لگتا تو آپ مجھے نہ دیکھیں۔ جس کے لیے میں کرتی ہوں وہ میری نیت جانتا ہے اور صرف اس کو ہی جج کرنے کا حق ہے، اللہ اللہ اللہ۔
اب پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ نوشین شاہ نے نور بخاری کا دفاع کرتے ہوئے انٹرنیٹ صارفین پر تنقید کی ہے۔
نوشین شاہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ‘نور پر تنقید کے بجائے میرا خیال ہے کہ لوگوں کو ان اداکاراؤں پر تنقید کرنی چاہیے جو تقریباً برہنہ ہوتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ایک خاتون جو شلوار قمیض پہنتی ہے اسے مہذب کہا جاتا ہے نا؟ تو انہوں نے شلوار قمیض بھی زیب تن کی ہوئی ہے اور اپنا سر بھی ڈھانپا ہوا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ کمپیوٹر پر بیٹھ کر لکھنا پورے کپڑے پہننے اور اپنا منہ بند رکھنے سے بہت زیادہ آسان ہے، اللہ کا کام اللہ کو کرنے دیں۔
نوشین شاہ نے مزید لکھا کہ انڈسٹری کو چھوڑیں ہمارے ملک میں 100 فیصد میں سے کتنی خواتین حجاب کرتی ہیں 30 فیصد بھی نہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے نور بخاری کی تعریف بھی کی اور کہا کہ آپ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔
نوشین شاہ کی انسٹاگرام اسٹوری کے سکرین شاٹ کو اپنی انسٹا اسٹوری میں شئیر کرتے ہوئے نور بخاری نے ساتھی اداکارہ کا شکریہ ادا کیا-