نئے چیف سلیکٹر کی سپورٹ کی جائے، کھلاڑیوں کو مشکل صورتحال میں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے،انضمام الحق

لاہور ۔ 24 جولائی(اے پی پی ) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر و سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ میری جگہ آنے والے نئے چیف سلیکٹر کو بھرپور سپورٹ کرنے کی درخواست کرتا ہوں اور کھلاڑیوں پر تنقید کرنے سے ان کی کارکردگی بہتر نہیں ہوتی بلکہ ان پر دباءو بڑ ھ جاتا ہے اسلئے ا نکی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلاگ میں انضمام الحق نے لکھا کہ بطور چیف سلیکٹر میرا معاہدہ 30جولائی کو ختم ہورہا ہے لیکن اس کے بعد آنے والے نئے چیف سلیکٹر کی بھی سپورٹ کی جانی چاہئے جبکہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشکل صورتحال میں انکی حوصلہ افزائی کئے جانے کی ضرورت ہوتی ہے،انہوں نے کہاکہ مثبت تنقید بہتر ہوتی ہے لیکن بھارت سے میچ ہارنے کے بعد جس طرح کھلاڑیوں کے خلاف بیان بازی ہوئی وہ اچھی بات نہیں ہے،انہوں نے اپنے بھتیجے امام الحق کے بارے میں کہا کہ انہیں میرٹ پر منتخب کیا گیا تھا ،ٹیم کے پندرہ کھلاڑیوں میں سے حتمی گیارہ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کئے جانے کی اپنی مداخلت کے الزام کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پندرہ رکنی اسکواڈ سلیکشن کمیٹی نے منتخب کرنا ہوتا ہے جبکہ حتمی گیارہ کھلاڑی ہیڈ کوچ اور کپتان نے چننا ہوتے ہیں اور وہ چاہیں تو میری مشاورت حاصل کرسکتے ہیں تاہم فیصلہ کا اختیار انہی کو حاصل ہے ۔

Shares: