چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرارالحق نے ہلال احمر کی طرف سے تحفہ کی گئی ایمبولینسز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے حوالے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی و فاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید تھے۔تقریب میں وفاقی سیکرٹری برائے مواصلات ظفر حسن، انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام، چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ہلال احمر پاکستان کے افسران،سول سوسائٹی کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ہلال احمر پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادواشت پر دستخط بھی کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ موٹروے پولیس جس طر ح عوام کی خدمت کر رہی ہے وہ ان کی پیشہ وارانہ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جس کیلئے میں موٹروے پولیس کی لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس حادثات میں کمی اور سڑک پر سفر کرنے والوں کی جانوں کی حفاظت کر کے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکر دگی کا ثبوت دے رہی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرالحق نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان شاہرات پرحادثات کی صورت میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرے پولیس کے اشتراک سے یہ منصوبہ لایاہے۔ مشترکہ منصوبہ کے تحت ہلال احمر نہ صرف ایمبولیسنز موٹروے (M-2) کے سروس ایریا پر تعینات کر ے گا بلکہ موٹروے پولیس کو ابتدائی طبی امداد کا سامان بھی فراہم کرے گا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اہلکار موٹرویز اور ہائی ویز پر کسی بھی حادثہ کے صورت میں سب سے پہلے پہنچتے ہیں۔اس لئے ہلال احمر موٹروے پولیس کے عملے کو فرسٹ ایڈ کی تربیت بھی فراہم کرے گا۔ ہلال احمر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ساتھ ملکرشاہراؤں کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کارکر دگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس مستعدی سے کام کر رہی ہے۔ اس موقع پرانسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس پاکستان کا رول ماڈل ادارہ سمجھا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ عوام میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے موٹروے پولیس کے افسران بسوں اورٹرکوں کے اڈہ مینجروں اور ڈرائیوروں، فیکٹریوں، تعلیمی اداروں اور مختلف دفاتر میں جا کر روڈ سیفٹی سے متعلق مکمل آگاہی دے رہیں ہیں۔جس کی وجہ سے ٹریفک حادثا ت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے ہلال احمر کا موٹروے پولیس کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایمبولینس کا یہ تحفہ موٹروے پولیس کے پروفشنل فلییٹ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھے گا اور کسی بھی حادثہ کی صورت میں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے مواصلات ظفر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کی آگاہی نہ ہونا ہی حادثات کا موجب ہے جبکہ موٹروے پولیس کی روڈ سیفٹی کے میدان میں کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس اور ہلال احمر پاکستان عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن،آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام اور دیگر معزز مہمانوں کو شیلڈ پیش کی۔

- Home
- پاکستان
- اسلام آباد
- ابرارالحق نے ہلال احمر کی طرف سے تحفہ کی گئی ایمبولینسز پولیس کے حوالے کی۔
ابرارالحق نے ہلال احمر کی طرف سے تحفہ کی گئی ایمبولینسز پولیس کے حوالے کی۔
ٹیگز: