سینیٹ الیکشن، پنجاب سے تمام جماعتوں کے تمام امیدوار بلا مقابلہ کامیاب
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں پنجاب سے حصہ لینے والے پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستانذرائع کے مطابق پنجاب سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے والے اضافی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی وجہ سے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ ان میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے پانچ ، پانچ جبکہ مسلم لیگ ق کا ایک امیدوار شامل ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن تین مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ پنجاب سے جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے سیف اللہ نیازی، عون عباس بپی اور اعجاز چوہدری کامیاب قرار پائے ہیں۔ ٹیکنوکریٹ سیٹ پر تحریک انصاف کے علی ظفر جبکہ خواتین کی نشست پر ڈاکٹر زرقا کامیاب ہوئی ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مشاہد اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے ڈاکٹر افنان اللہ خان، عرفان صدیقی اور علامہ ساجد میر جنرل نشست پر بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ جبکہ خواتین کی نشست پر سعدیہ عباسی کامیاب قرار دی گئی ہیں۔مسلم لیگ ق کے کامل علی آغابھی پنجاب سے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

عظیم الحق منہاس اورسیف الملکوک کھوکھرنےکاغذات نامزدگی واپس لےلیے، سینیٹرزکی کامیابی کا نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا،

دوسری جانب کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہو گیا ہے،سندھ میں سینیٹ کی گیارہ نشتوں پر 17 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ سندھ سے سینیٹ انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی کے گیارہ امیدوار میدان میں ہیں۔ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی دو، دو جبکہ جی ڈی اے اور ٹی ایل پی کا ایک، ایک امیدوار مقابلے پر ہے۔ٹیکنوکریٹ پر پیپلز پارٹی کے دو، پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی کا ایک، ایک امیدوار مقابلے پر ہے۔خواتین کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کے دو اور ایم کیو ایم کا ایک امیدوار ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سے کوئی خاتون امیدوار نہیں ہے۔

Shares: