محکمہ تعلیم کا بلتستان میں تمام سرکاری سکولز گرمیوں کی چھٹیوں کے لئے 20 روز بند کرنے کا حکم
گلگت ۔ 24 جولائی (اے پی پی)محکمہ تعلیم نے بلتستان میں تمام سرکاری سکولز گرمیوں کی چھٹیوں کے سلسلے میں 20 روز بند کرنے کا حکم جاری کردیا، سرکاری سکولز 25جولائی سے 13 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تنظیم اساتذہ ایک دفعہ پھر محکمہ تعلیم کے اعلی افسران سے مطالبات منوانے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ ادھر مختلف حلقوں اور طلبہ کے والدین نے محکمہ تعلیم کی طرف سے اس فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں میں توسیع بھی اساتذہ کی اپنی خواہش اور ڈیمانڈ پر کی گئی تھی اور اب گرمیوں کی چھٹیوں میں کٹوتی کا فیصلہ بھی اساتذہ کے دباءو میں آکر واپس لیاگیا ہے ۔ اساتذہ کا موقف تھا کہ جولائی کے آخری ہفتے سے لیکر اگست کے پہلے ہفتے میں پورے بلتستان میں ربیع کی فصل کی کٹائی شروع ہوتی ہے لہذا دس روز کم چھٹی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگی ۔ ان کا یہ کہنا ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں میں دس روز کا اضافہ محض محکمانہ فیصلہ تھا اس میں اساتذہ کا کوئی عمل دخل نہیں تھا لہذا گرمیوں کے20 روز کی چھٹیوں میں دس روز کی کٹوتی اساتذہ کو قبول نہیں ہے ۔ والدین کا کہنا ہے کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ آرام طلب ہوگئے ہیں اور انہیں بچوں کا مستقبل تباہ ہونے کا کوئی احساس نہیں ہے اس لئے وزیراعلی اور چیف سکرٹری گلگت بلتستان کو معاملے کا نوٹس لینا ہوگا ۔