پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عثمان خالد بٹ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
باغی ٹی وی : حال ہی میں اداکار عثمان خالد بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے آنے والے ڈرامے کے ایک شادی کے سین کی تصویر بھی شیئر کی۔
عثمان خالد بٹ نے ہنستے ہوئے طنز کیا کہ میری شادی اتنی جلدی ہوئی کہ سنگل شاٹ میں ہی ہو گئی۔
انہوں نے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش پوسٹس پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میں حیران رہ گیا کہ میرے دوست اور عزیز و اقارب مجھے مختلف نیوز چینلز اور بلاگز کے اسکرین شاٹس بھیج رہے تھے۔
عثمان خالد بٹ نے بتایا کہ میری بہن نے کیک پر یہ پیغام لکھ کر بھیجا کہ کیا مجھے تمہاری کسی ایک شادی پر مدعو کیا جا سکتا تھا؟
انہوں نے مزید کہا کہ جب انڈسٹری کے سینئرز اور رشتہ دار آپ کو مبارکباد دینا شروع کر دیں تو وضاحت ضروری ہے۔
عثمان خالد بٹ نے بتایا کہ یہ ان کے آنے والے ڈرامے چُپکے چُپکے کے ایک سین کی تصویر ہے جس میں ان کی شادی ہو رہی ہے۔
عثمان خالد کی پوسٹ پر جہاں مداحوں نے دلچسپ تبصرے کئے وہیں اداکارہ عائزہ خان اور میرا سیٹھی نے بھی اداکار کی پوسٹ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دلچسپ کمنٹس کئے-