حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکج دے دیا
باغی ٹی وی : رمضان المبارک کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز پر تاریخ کے سب سے بڑے 7 ارب 60 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ یکم اپریل سے شروع ہونے والے رمضان ریلیف پیکیج میں 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔
10 مارچ کو وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں رمضان پیکج کی منظوری دی گئی۔ پیکج کے تحت عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 بنیادی اشیائے ضروریہ پر 50 روپے تک رعایت ملے گی۔
رمضان پیکج میں چینی 68 روپے اور گھی 175 روپے کلو جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے ميں دستياب ہوگا۔ عام بازار کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 40روپے، گھی 43، چائے 50، آٹا ساڑھے 30 روپے کلو اور کوکنگ آئل 20 روپے لیٹر سستا ملے گا۔
دال چنا، مونگ، ماش اور سفید چنے کی قيمت بھی 10 سے 30 روپے تک کم مقرر کی گئی۔ دودھ سميت ديگر مشروبات پر 20 روپے، بیسن، کھجور اور مصالحہ جات پر 10 روپے اور چاول پر 12 روپے رعایت ملے گی.
اس کے علاوہ وزیر اعظم کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کیلئے ڈیڑھ ارب روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق عالمی بینک کی مدد سے کورونا سے متعلق منصوبے اوریو این مشن میں تعینات عملے کیلئے 33کروڑ کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی ہے۔ اجلاس میں طور خم سرحد کے ذریعے کپاس کی درآمد کی بھی مشروط اجازت کے علاوہ آئندہ 9ماہ تک کھاد کے 2پلانٹ چلانے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔