ملتان : پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کب ہو گا ؟
ملتان (نمائندہ باغی ٹی وی) پلانٹ فار پاکستان مہم یکم، پلانٹ فار پنجاب 8 اگست سے شروع ہو گی
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں یکم اگست کو پلانٹ فار پاکستان مہم اور پلانٹ فار پنجاب ہفت روزہ مہم 8 اگست سے شروع ہو گی جو 14 اگست تک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے گرین پاکستان اور شجرکاری مہم بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں مہم کے دوران 4لاکھ 60ہزار پودے لگائے جائیں گے جن میں سے 33ہزار900پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف میں 1830تیار درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکمے شجرکاری مہم کے حوالے سے اپنی پلاننگ مکمل کریں جن جگہوں پر پودے لگانے ہیں ان کی نشان دہی کریں اور پودے لگانے اور ان کی مناسب دیکھ بھال بارے انتظام کو حتمی شکل دی جائے۔کمشنر ملتان نے کہا کہ ڈویژن بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، پودے لگانے سے زیادہ اہم ان کی حفاظت کا مناسب بندوبست کرنا ہے۔ کمشنر ملتان نے ڈی جی پی ایچ اے زاہد اکرام کو ہدایت کی کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف میں گزشتہ سال لگائے جانے والے پودوں بارے انکوائری کی جائے، ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جائے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ پی ایچ اے شہر کے مختلف پارکوں باالخصوص امیر آباد پارک کی حالت بہتر کرے، پارکوں کی حالت بہتر کرکے عوام میں تفریح کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ عمران سکندر بلوچ نے ڈویژن بھر کی اہم عمارات اور خالی جگہوں پر بھی شجرکاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیار درخت لگانے سے نہ صرف ان کی حفاظت میں آسانی ہوگی بلکہ گرین کور میں بھی اضافہ ہوگا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ پی ایچ اے شہر کے اہم چوکوں، گرین بیلٹس اور میٹرو کے فلائی اوورز کے نیچے نئے سرے سے پودے لگائے اور ان کی مناسب حفاظت کا اہتمام کرے۔ انہوں نے ایم ڈی اے، میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ اور ضلع کونسل سے کہا کہ ہاؤسنگ کالونیوں، پیٹرول پمپس، فیکٹریوں و دیگر کمرشل سرگرمیوں کے این او سی میں شجرکاری مہم کے حوالے سے شامل شق پر عمل در آمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر این او سی معطل کریں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی فاریسٹ افسر رانا طارق محمود نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر 100بلین ٹری سونامی مہم میں ملتان ڈویڑن میں سال 20۔ 2019 کے لئے 40لاکھ 12ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری دفاتر، تعلیمی اور صحت کے اداروں اور دیگر خالی جگہوں پر مقامی اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے تنویر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آغا ظہیرعباس شیرازی، سی او میونسپل کارپوریشن اقبال فرید، کنزرویٹو فاریسٹ محمد صدیق ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر پھاٹا راؤ شفیق الرحمن ودیگر متعلقہ افسران جبکہ ویڈیو لنک پر ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے