بلوچستان کے بجٹ کی تیاریاں

-بلوچستان بجٹ کی تیاریاں، حجم 4 سو ارب روپے تک ہونے کا امکان خبر کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم چار سو ارب روپے تک ہونے کا امکان ہے جس میں غیر ترقیاتی مد میں تین سو ارب روپے جبکہ ترقیاتی مد میں سو ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ اس خبر کے مطابق آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ رواں مالی سال کے بجٹ کی طرح خسارے کا بجٹ ہوگا۔
صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اضافے کے مطابق ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبائی ریونیو کو 15 ارب سے بڑھا کر30 ارب روپے تک کیا جائے۔ اس کے علاوہ بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایت پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا جس کے تحت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت، امن وامان اور آبنوشی کی اسکیمات کو ترجیح دی جائے گی ۔ اسی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں معدنیات کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Comments are closed.