پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار میکال ذوالفقار نے شادی کے متعلق بات کی کہ وہ کب دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھیں گے-
باغی ٹی وی :اداکار میکال ذوالفقار حال ہی میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائے کے مارننگ شو’ گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شریک ہوئے دوران شو گفتگو کے دوران انہوں نے اپنے فنی کیرئیر سے لے کر اپنی نجی زندگی کے بارے کھل کر بات کی-
طلاق کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ بعض اوقات دوسرے لوگوں کو لگتا ہے کہ فلاں افراد کے درمیان اچھے تعلقات ہیں مگر درحقیقت ان کے تعلقات بہتر نہیں ہوتے۔
انہوں نے طلاق کے معاملے پر زیادہ وضاحت کرنے سے گریز کیا اور ساتھ دینے پر بیٹیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
میکال ذوالفقار نے بتایا کہ ان کی بڑی بیٹی کی عمر 9 جب کہ چھوٹی بیٹی کی عمر 7 برس ہے اور وہ ان کے انتہائی قریب ہیں اور وہ ان کے ساتھ بچے بن کر وقت گزارتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں ایک سے زائد خواتین سے تعلقات رکھنے کے کرداروں میں ان کا کوئی قصور نہیں، وہ ڈراما سازوں کا کارنامہ ہوتا ہے۔
طلاق کے بعد تاحال دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میکال ذوالفقار نے بتایا کہ انہوں نے فی الحال دوسری شادی سے متعلق نہیں سوچا اور اس وقت ان کی زندگی میں دوسری ترجیحات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان سے شادی کے لیے بعض لڑکیوں نے ان سے اظہار بھی کیا ہوگا لیکن فی الحال شادی کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔
میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ تاہم اگر قسمت میں لکھا ہوگا تو جب ان کی شادی ہونی ہوگی تو وہ کرلیں گے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ چوں کہ اب ان کے بچے بھی ہیں، اس لیے انہیں مستقبل میں جو بھی فیصلہ کرنا پڑا وہ انہیں نظر میں رکھ کر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ میکال ذوالفقار نے 2012 میں سارہ بھٹی سے شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔