پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامرعظیم باجوہ نے کہا ہے کہ پی ٹی اے کاروباری برادری کے مسائل جلد حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، سیلولرسروس پرووائیڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی خدمات کا معیار بہتر بنائیں۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی محمد آصف سحر، ذیشان سہیل ملک، شیخ سجاد افضل، ملک ریاض اقبال اور سلیم اصغر بھٹی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ تنگ گلیوں اور بیسمنٹ میں سگنلز کا مسئلہ آرہا ہے۔ کرونا کی وجہ سے آن لائن کام بڑھا اور ڈیٹا کے استعمال میں 70فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دو سے ڈھائی ملین نئے سبسکرائبرسسٹم میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے موبائل ٹاورز کی تنصیب وقت طلب کام ہے۔ پاکستان میں ہینڈ سیٹ اسمبل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ گذشتہ سال 2.4ملین ہینڈ سیٹ اسمبل کیے گئے تھے جبکہ صرف گدشتہ دو ماہ میں 1.5ملین سیٹ اسمبل کیے گئے ہیں جس سے اس شعبہ کی گروتھ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ جلد ہی پاکستان ہینڈ سیٹس کے پچاس فیصد پارٹس تیار کرنا شروع کردے گا۔ صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح نے چیئر مین پی ٹی اے کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر کے ممبران گذشتہ کچھ مہینوں سے لاہور شہر خصوصالاہور کی گنجان مارکیٹوں میں موبائل نیٹ ورکس کے کمزور سگنلزکی شکایات کر رہے ہیںمگر تاحال یہ مسئلہ حل نہیں ہوا، چونکہ ٹیلی مواصلات کے شعبے میں پی ٹی اے اہم ریگولیٹری اتھارٹی ہے، لہذا اس معاملے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون کے استعمال میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کل کاروبار کو چلانے اور فروغ دینے کے لئے موبائل فون کا استعمال کافی حد تک بڑھ گیا ہے جبکہ واٹس ایپ،ایمو، اسکائپ وغیرہ جیسے بہت سارے ایپس آڈیو / ویڈیو کال کرنے اور ملٹی میڈیا شیئر کرنے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں موبائل بینکنگ ایک اہم اور مفید ٹول کے طور پر ابھری ہے۔ کاروباری افراد کے لئے یو بی ایل اومنی، ایزی پیسہ، جاز کیش، یو پیسہ اور پیماز زونگ وغیرہ جیسے نیٹ ورکس نے بھی پورے ملک میں دور دراز کے گاہکوں کو فوری ادائیگی کرنے میں بڑی آسانی پیدا کردی ہے۔ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے موبائل فون نیٹ ورک کے معیار پر کاروبار کا انحصار بڑھ گیا ہے،ایسی صورتحال میں خراب سگنلز سے تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پرانی مارکیٹیں گنجان آباد ہیں اور زیادہ ترانہیں مارکیٹوں میں یہ مسئلہ سنگین ہے۔ انہوں نے چیئر مین پی ٹی اے کو بتایاکہ لاہور چیمبر نے یہ معاملہ گورنر پنجاب اور موبائل کمپنیوں کی سینئر انتظامیہ کے سامنے بھی اٹھایا ہے، چونکہ پی ٹی اے اس شعبے کی نگرانی کرتا ہے، لہذامسئلے کے مستقل حل کے لئے پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کی انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کی گئیں اور انھیں یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ انہیں سگنل بڑھانے کے لئے موبائل صارفین کی تعداد کے مطابق ٹاورز کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ موبائل سگنل ٹاورز کی کارکردگی خراب ہوجاتی ہے جس پر متعلقہ موبائل کمپنیوں کو توجہ دینا ضروری ہے مگر تاحال اس طرف توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے پی ٹی اے جلد از جلد کوئی حکمت عملی وضع کرے۔

Shares: