ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا مقصد بتایا

0
135

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا مقصد تاریخی قرارداد پاکستان کو ہدیہ تشکر پیش کرنا ہے جو آگے چل کر قیام پاکستان کی بنیاد بنی اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خود مختار وطن حاصل ہوا، آج نئی نسل کو ان عظیم اور لازوال قربانیوں سے روشناس کرانا ضروری ہے جس سے ہماری تحریک آزادی عبارت ہے، یہ بات انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کی تاریخ درحقیقت اس عظیم جدوجہد کا نکتہ آغاز تھی جس کے نتیجے میں پاکستان کی شکل میں ایک نئی مملکت دنیا کے نقشے پر ابھری، زندہ قومیں اپنی تاریخ کو نہ صرف یاد اور محفوظ رکھتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے عظیم اکابرین اور قائدین کی محنت اور قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کرتیں جس کی بدولت انہیں غلامی کی زنجیروں سے آزاد ہو کر باعزت اور خودمختار زندگی گزارنے کا موقع ملا، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ایک بار پھر اسی جذبے اور باہمی اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940ء کو کیا گیا اور اسی جذبے نے برصغیر میں دو قومی نظریے کو فتح سے ہمکنار کیا، اقبال کے خوابوں کی تعبیر ملی اور قائد اعظم کی محنت کے ثمر کا باعث بنا، بے سرو سامانی کے عالم میں پاکستان کی صورت میں اتنی بڑی منزل کا حصول کوئی آسان کام نہیں تھا، قرار داد پاکستان کی منظوری نہ صرف اس خطہ اراضی میں ایک اہم واقعہ تھا بلکہ مسلمانوں کو سیاسی، علمی اور مذہبی ترقی کے بھی مواقع بھی ملے، یہ سب قیادت کی پختہ سیاسی شعور اور دور اندیشی کے باعث ہی ممکن ہوا، موجودہ صورتحال میں بھی ہمیں اتحاد، ملی یکجہتی اور جذبے سے کام لینا ہوگا،انہوں نے کہا ہے کہ اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے رہنمااصولوں کو اپنا کر ہی ہم ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوسکتے ہیں لہٰذا قوم کی تعمیر و ترقی میں ہم سب کو اپنے حصے کا کردار احسن طریقے سے نبھانا ہے۔

Leave a reply