جانوروں کے تحفظ اور ماحولیات کے لیے سرگرم رہنے والی اداکارہ اشنا شاہ کو ملٹی نیشنل فلاحی ادارے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان نے جذبہ خیر سگالی سفیر مقرر کردیا جس پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے-
باغی ٹی وی : ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا گیا تھا کہ ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے اور اداکارہ اشنا شاہ کے درمیان جذبہ خیر سگالی سفیر کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
معاہدے کے تحت اداکارہ کو پاکستان میں ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کے لیے سفیر مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ نہ صرف سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مہم چلاتی رہیں گی بلکہ وہ ادارے کے ساتھ مختلف منصوبوں میں مل کر کام بھی کریں گی۔
تاہم اب اداکارہ اشنا شاہ نے بھی ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ معاہدے کی تصاویر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ عالمی ادارے کے ساتھ مل کر جانوروں اور ماحول کے تحفظ کے لیے کام کریں گی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں ماحول اور فطرت کے تحفظ کے مشن کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کی کوششوں سے بہتری آئے گی۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر پرجوش ہیں اور وہ کام شروع کرنے کے حوالے سے مزید انتظار نہیں کر سکتیں۔
خیال رہے کہ اشنا شاہ سوشل میڈیا پر ماحول کے تحفظ اور خصوصی طور پر جانوروں کے تحفظ اور ان کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک پر پوسٹس کرتی رہتی ہیں۔