پنجاب کے مختلف علاقوں گوجرہ، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا، راجن پور اور جہانیاں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا،تاہم بارش کے ساتھ ہی کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے جس وجہ سےمتعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ادھر لاہور کے علاقے مغلپورہ میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ سات شدید زخمی ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا.
ریسکیو حکام کے مطابق گھر بوسیدہ تھا، شہر میں طوفانی بارشوں کے باعث گھر کی چھت اچانک گرنے سے گھر کے دس افراد ملبے کے نیچے دب گئے، ریسکیو ٹیم نے پہنچ کر لاشوں و زخمیوں کو نکالا، اور ہسپتال منتقل کیا.
ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ہوئی۔اسلام آباد کے ایک گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 6 افراد بے ہوش ہو گئے۔