فیصل آباد محکمہ جنگلات ایکسٹینشن ڈویژن کی طرف سے رواں شجرکاری مہم میں 2 لاکھ 61 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے جبکہ اب تک مختلف اقسام کے 50 ہزار 214 پودے لگائے جاچکے ہیں اور سوفیصدٹارگٹ کے حصول کے لئے متحرک ہیں۔یہ بات ڈویژنل فاریسٹ آفیسر محمد علی بٹ نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی شیخوپورہ روڑمیں پودا لگاتے ہوئے کہی۔
محکمہ جنگلات کے افسران، ڈائریکٹر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی،کنٹرولر اور دیگر سٹاف کے ارکان نے بھی دستیاب جگہوں پر اپنے اپنے حصے کے پودے لگائے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے پودوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ڈویژن بھر میں شجرکاری مہم پر بھرپور اور تیز رفتار عملدرآمد کیا جارہا ہے اور لگائے جانے والے پودوں کی بقاء وسلامتی کے لئے بھی مناسب اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ بھی دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر انہیں پروان چڑھائیں
تاکہ مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن ہو۔ڈائریکٹر این ٹی یو نے کہا کہ پودے انسانی بقاء کے لئے ضروری ہیں اور حکومتی ہدایات پر شجرکاری مہم میں دوسرے محکموں واداروں کے ساتھ ساتھ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے اور شجرکاری کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔