جماعت اسلامی کے تحت شہر قائد کے مسائل کے حل اور تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز حقوق کے لیے اتوار 28مارچ کو 2بجے دن شاہراہ فیصل پر قائد آباد تا گورنر ہاس حق دو کراچی ریلی کے انتظامات اور تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے دوروں اور شہر بھر میں جاری عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی آگئی ہے،حق دو کراچی ریلی اور شہری حقوق کی تحریک کے مطالبات کی تشہیر بھی بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے،شہر بھر میں کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی کراچی دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے،ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے مایوس عوام 28مارچ کو اپنے حق کے لیے جوق در جوق گھروں سے نکل کر ریلی میں شریک ہوں گے اور حق دو کراچی ریلی تین کروڑ اہل کراچی کی اصل قوت وطاقت اور حقیقی قیادت کا بھرپور اظہار ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے تین تلوار پر استقبالیہ کیمپ کا افتتاح کیا اور ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں، اختر کالونی، جہانگیر پارک و صدر کی مختلف مارکیٹوں کادورہ کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے ضلع شمالی کا بھی دورہ کیا،
حافظ نعیم الرحمن نے علاقہ مکینوں،دکانداروں،ہوٹلوں اور بازاروں میں موجود لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو حق دو کراچی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ،شہریوں نے بجلی،پانی،سیوریج و صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات،گلیوں اور سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل اور گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور جدوجہد کرے گی اور اپنا کردار ادا کرے گی،حکمرانوں پر عوامی دبا کے ذریعہ زور ڈالا جائے گا اور مجبور کیا جائے گا،اہل کراچی اپنی طاقت اور قوت کو منوانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور 28مارچ کی ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔
Shares: