تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائیواسٹارچورنگی پر پولیس اہلکار کی جانب سے موٹرسائیکل چھیننے کا معمہ حل ہوگیا ، شہری سے مبینہ موٹرسائیکل چھیننے والا سب انسپکٹر نکلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر کامران کی حالیہ تعیناتی بلاول ہاؤس میں ہے ، ملزم نے پکڑے جانے پر خود کو ساؤتھ انویسٹی گیشن کا افسر ظاہر کیا۔تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنا نام پہلے علی شاہ بتایا، تاہم مزیدتفتیش کرنے پر پتہ چلا ملزم کانام کامران ہے اور سیکیورٹی زون 2 میں سب انسپکٹر ہے ۔ شہری کے مطابق کامران اس سے موٹر سائیکل چھین رہا تھا اور شلوارقمیض میں ملبوس ایک اور شخص اس کے ساتھ تھا۔ سیکیورٹی زون ٹو کے مطابق مبینہ اہلکار ان کے پاس تعینات نہیں جبکہ مبینہ اہلکار ایس ایس یو کے ماتحت بھی کام نہیں کر رہا لیکن انکوائری کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ سکیورٹی زون ٹو کا اہلکار ہے اور بلاول ہاؤس پر تعینات ہے، جلد تحقیقات کرکے اصلیت سامنے لائیں گے۔یاد رہے 5 اسٹار چورنگی پر پولیس اہلکار کی شہری سے مبینہ طور پر موٹر سائیکل چھیننے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ، موٹر سائیکل چھیننے پر متاثرہ شہری نے شور مچایا تو عوام کا رش لگ گیا، جس کی وجہ سے شہری کی موٹرسائیکل بچ گئی۔

Shares: