پیانگ یانگ: امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان حالات پھر کشیدہ ہونے لگے،امریکی رویے پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے واضح کیا ہے کہ اس کے حالیہ میزائل تجربات دراصل جنوبی کوریا کے جنگ پسندوں کے لیے تنبیہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا سمیت ملک کو لاحق دیگر شدید خطرات میں کمی کرنے اور ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہم زیادہ طاقتور ہتھیار بنا رہے ہیں۔
دوسری طرف شمالی کوریا کے بدترین ’دشمن‘ سمجھے جانے والے جنوبی کوریا کو کم جونگ ان نے ’ڈبل ڈیلر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب وہ امن کا دعویٰ کرتا ہے تو دوسری جانب امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرتے ہوئے اسلحہ بھی خریدتا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کو امریکہ کے ساتھ کی جانے والی مشترکہ فوجی مشقوں پرکڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا۔امریکہ ہر سال جنوبی کوریا کی افواج کے ساتھ مل کر دو بڑی فوجی مشقیں کرتا ہے۔ ان مشقوں کا شمار دینا کی چند بڑی فوجی مشقوں میں کیا جاتا ہے۔