چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا کمسن بچوں کے بھکاری مافیا کے ہاتھوں استحصال کے خلاف وارننگ آپریشن
بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور دیگر افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سارہ احمد
لاہور()چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی جانب سے کمسن بچوں کے بھکاری مافیا کے ہاتھوں استحصال کے خلاف لاہور کے 04 اہم مقامات چیرنگ کراس، ریگل چوک، لبرٹی مارکیٹ اور مین مارکیٹ گلبرگ میں "وارننگ ریسکیو آپریشن” کا انعقاد کیا گیا۔ آپریشن کی قیادت سارہ احمد، چیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب نے کی جس میں بیورو افسران اور لاہور پولیس نے بھرپور حصہ لیا۔ آپریشن کے موقع پر عوام الناس کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہیلپ لائن 1121کے بارے میں آگاہی دی گئی اور اس حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس کے باہمی تعاون سے بھکاری مافیا کے خلاف آگاہی مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بیورو بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور دیگر ذمہ د اران کو آخری وارننگ دے رہا ہے۔ آئندہ بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین اور دیگر افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سارہ احمد نے کہا کہ بچے پھول کی نازک کونپلوں کی مانند ہوتے ہیں جن کو توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی بنیادی ضروریات، اچھی خوراک، تعلیم اور طبی سہولیات تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی بچوں سے ان کے حق کو چھیننے نہیں دیں گے۔