بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ فلم ’رادھے‘ میری ناکام ترین فلم ثابت ہوگی۔

باغی ٹی وی :بھارت میں کورونا وبا کی دوسری لہر نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور دیگر شعبہ جات کی طرح فلم انڈسٹری بھی بحران کا شکار ہے جہاں ایک سال سے زائد کوئی بھی فلم بڑے پردے پر ریلیز نہیں ہوئی جس کے باعث سینما مالکان سمیت پوری بالی ووڈ انڈسٹری خاص طور پر چھوٹے اداکار اور دیگر ملازمین معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

بھارت میں سینما کی بحالی کے لیے سلمان خان نے اپنی نئی فلم ’رادھے، دی موسٹ وائنٹڈ بھائی‘ کو چھوٹی عید پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تاہم بھارت میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد سلمان نے فلم کو سینما گھروں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی ریلیز کرنے کا معاہدہ کرلیا۔

صحافیوں سے آن لائن بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا اس وقت بھارت سمیت پوری دنیا شدید مشکل دور سے گزر رہی ہے ایسے میں ’رادھے‘ کو ریلیز کرنے کا مقصد لوگوں کی زندگیوں میں خوشی لانا ہے تاکہ وہ اس فلم سے کچھ دیر کے لیے ہی اپنے غم بھول کر اس سے لطف اندوز ہیں، ورنہ اس وقت تمام بڑے اداکاروں کی فلمیں رکی ہوئی ہیں اور وہ اچھے وقت کا انتظار کررہے ہیں۔

دبنگ اداکار نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ باکس آفس پر اس فلم کی کمائی صفر ہوگی اور یہ میری کمائی کے حساب سے ناکام ترین فلم ہوگی کیوںکہ یہ محدود سینما گھروں میں ریلیز ہوگی جبکہ بیرون ممالک بھی بہت کم سینما گھروں میں بڑے پردے پر لگے گی۔

Shares: