محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق چھٹا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات کے مطابق تاؤتے شدید ترین سمندری طوفان بن چکا ہے جبکہ 15 کلو میٹر کی رفتار سے طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے-
محکمہ موسمیات کا سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق کہنا ہے کہ ٹراپیکل سائیکلون ٹریک میں تبدیلی پر سندھ کے بعض شہروں کے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے شہر ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین، عمرکوٹ میں 17 سے 19 مئی تک تیز ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی شہروں میں گرد آلود ہوائیں، تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ کراچی، حیدر آباد اور شہید بے نظیر آباد کا موسم اگلے دو روز تک گرم سے شدید گرم رہے گا جبکہ کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ماہی گیر سمندر میں طغیانی کے باعث 19 مئی تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔
دوسری جانب ترجمان فشر فوک فورم کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری کے ساحل پر سمندر کی لہروں میں شدت آگئی ہے۔
ترجمان فشرفوک فورم کے مطابق سمندر میں ماہی گیری کے لیے گئی کشتیوں کو بھی واپس بلایا جا رہا ہے۔
ترجمان فشرفوک فورم کا کہنا ہے کہ سائیکلون کے پیش نظر حکومت کے احکامات پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان تاؤتے کل کے مقابلے میں کراچی سے مزید قریب ہو گیا ہے، تاؤتے کراچی کے جنوب مشرق میں 1 ہزار 210 کلو میٹر کی دوری پر ہے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفان شدت ضرور پکڑ رہا ہے، تاہم وہ پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہو کر گزرے گا۔
یاد رہے کہ چوتھے الرٹ میں محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب رہے گا،یہ طوفان 18 مئی تک بھارتی گجرات تک پہنچ جائے گا۔
اس سمندری طوفان کے نتیجے میں بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی سمندر کے قریب مشرق کی جانب ساحلی علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر یہ سمندری طوفان شدت پکڑ گیا تو یہ پچھلی دو دہائیوں کے دوران پاک بھارت ساحلی پٹی سے ٹکرانے والا طاقت ور ترین طوفان ہو گا تاہم ابھی تک کے اندازوں کے مطابق سمندری طوفان آبادی والے ساحلی علاقوں سے دور رہے گا لیکن مہاراشٹرا کا ساحلی شہر ممبئی اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔