سرگودھا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ نے کہا ہے کہ عطیہ خون کئی جانوں کو بچانے کا ذریعہ ہے اور اللہ تعالیٰ کے ہاں انسانیت کے تحفظ کیلئے اس کی بڑی قدر ومنزلت ہے نوجوان تین ماہ میں خون کاعطیہ ضرور کریں اس سے ان کی صحت بھی بحال رہے گی اور کئی مریضوں کی جان بچانے میں مددملے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیف لائف تھلیسیمیا سنٹرمیں عالمی تھلیسیمیا ڈے کے حوالہ سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل ‘ صدر سرگودہا پریس کلب عبدالحنان چوہدری ‘ صدر ٹیکس بار عمر اشرف بھٹی ‘ سوشل ویلفیئر آفیسر ثناءر¶ف ‘ سیف لائف تھلیسیمیا کے عہدیدار میاں نعیم اختر ‘ خواجہ سعید احمد ‘ ممبر سرگودھا پریس کلب عبدالمنان چوہدری کے علاوہ بچوں کے والدین اور مخیر حضرات بھی موجود تھے ۔
بلال فیروز جوئیہ نے کہاکہ تھلیسیمیا کے مریض کی زندگی انتقال خون میں ہے وہ صحت مند افراد کے مرہون منت ہیں ۔انہوں نے تھلیسیمیا کے مریضوں کی کفالت کرنے والی تنظیموں کے جذبہ انسانیت اور ایثار کو سراہا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل اور صدر سرگودہا پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے کہاکہ نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات کو ایسے اداروں کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہے
تاکہ تھلیسیمیا اور ہیموفیلیا جیسی امراض میں مبتلا بچوں اور دیگر مریضوں کی جان بچائی جاسکے ۔ عالمی تھلیسیمیا ڈے کے موقع پر سنٹر پر پچاس سے زائد مریض بچوں کے بلڈٹرانسفیوژن کی گئی ۔مہمان خصوصی نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے اور تہوار کے حوالہ سے کیک کاٹا گیا ۔