سرگودہاکمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ریکارڈ مدت کے اندر گندم خریداری مہم کا سوفیصد سے زائد ٹارگٹ حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر اور ان کی تمام اسسٹنٹ کمشنروں اور خوراک سمیت دیگر محکموں کے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کوشاباش دی ہے ۔ ضلع سرگودہا میں امسال 80 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیاگیا ہے اور اب تک 114 فیصد خریداری کی جاچکی ہے جبکہ کاشتکاروں سے تاحال گندم کی خریداری جاری ہے ۔
کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہاکہ ایک مدت کے بعد ضلع سرگودہا میں گندم کی خریداری کا سو فیصد ہدف حاصل ہوا ہے جوڈپٹی کمشنر نائلہ باقر او رتمام اسسٹنٹ کمشنروں کی اعلی کارکردگی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ وہ سرکاری ریونیو واجبات کی پچھلے سال کی طرح اس سال بھی سوفیصد وصولی کو یقینی بنا کر صوبہ میں سرگودہا کا ریونیو وصولی میں ٹاپ کے اضلاع میں شمار کا اعزاز برقرار رکھیں ۔ انہوں نے پرائس کنٹرول پر بھی خاص توجہ دینے ‘ پرائس مجسٹریٹس کوفعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کا محاسبہ کیاجاسکے۔








