مظفر گڑھ انچارج تحصیل اسٹیشن ریسکیو1122علی پور محمد اختر بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ہر ڈیڑ ھ منٹ میں ایک حادثہ ہو تا ہے،2021میں اب تک ہر روز 970افراد روڈ حادثات کا شکار ہوتے ہیں، پنجاب کے اعدادوشمار کے مطابق 2004سے اب تک 28لاکھ حادثات رپورٹ ہو ئے ہیں,جن میں سے 80فیصد حادثات صرف موٹر سائیکل سے منسلک ہیں۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ برائے روڈ سیفٹی کے موقع پر عوام کو روڈ حادثات کے بچاؤ سے متعلق آگاہی دیتے ہو ئے کہی۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122کی ہدایت کے مطابق علی پور تحصیل میں بھی 17مئی تک ہفتہ برائے روڈ سیفٹی منایا جا رہا ہے۔انچارج تحصیل اسٹیشن ریسکیو 1122محمد اختر بھٹہ نے کہا کہ حادثات کو کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ موٹر سائیکل کو 50کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا جائے۔
معیاری ہیلمٹ استعمال کیا جائے جس کی سٹریپ کو باقاعدہ باندھ کر رکھا جائے۔ٹریفک قوانین کی پاسداری کی جائے۔کم عمری کی ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جائے۔محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ تربیت اور لا ئسنس حاصل کیا جائے۔دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کیا جائے۔حد رفتار سے تجاوز نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ حادثات سے بچنے کیلئے ہم سب ذمہ داری کا مظاہرہ کر یں گے تاکہ اپنے آپ کو اور دوسروں کو محفوظ بنا سکیں۔
ریسکیو 1122علی پور کی طرف سے محمد اختر بھٹہ کی قیادت میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔جس میں ریسکیو 1122کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہر کے مختلف مقامات پر سٹال لگائے گئے اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔