شیخوپورہ (محمد فہیم شاکر سے)گزشتہ ایک سال کے دوران تین مرتبہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والے شرقپور روڈ کے تاجر آصف علی نے وزیر اعلیٰ سردار عثما ن بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کی نااہلی و غفلت کا نوٹس لیکر اسکی دکان پر ڈکیتی کی تین وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری کا حکم دیکر اب تک ہونے والے 15لاکھ روپے نقدی اور دیگر سامان کی برآمد کروائیں اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے
ڈکیت گینگ مختلف ذرائع سے انہیں ڈرا دھمکا رہے ہیں جس کا پولیس کو بتایا گیا مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہورہی تین روز قبل بھکھی میں بھی اسکے بھائی راشد کی دکان پر تین ڈاکوؤں نے 72ہزار روپے لوٹ لئے اور مزاحمت پر اسکے بھائی کو زخمی کردیا اس سے قبل تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ شرقپور روڈ پر ڈاکوؤں نے ساڑھے پانچ لاکھ روپے اور دوسری واردات میں سات لاکھ روپے کا سامان لوٹا جن کے مقدمات درج ہوچکے ہیں مگر کئی ماہ گزر جانے کے باوجود پولیس انکے ساتھ ہونے والی ایک واردات کا بھی سراغ نہیں لگا سکی بلکہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے تفتیشی ان سے متعدد مرتبہ پیسے بھی بٹور چکے ہیں
تھانہ سٹی اے ڈویژن میں ایک مقدمہ میں ملزمان کی نشاندہی کی مگر تفتیشی نے مک مکا کرکے انکی گرفتاری ڈالنے کی بجائے چھوڑ دیا تاجر آصف نے پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسکے ساتھ واردات کرنے والے ڈاکوؤں کے گروہ کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اگر ایسا نہ ہوا تو وہ اپنی دکانوں کو تالے لگا کر چابیاں ڈی پی او کو پیش کردیں گے اور پھر ڈی پی او آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، تاجر سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرنے کے باوجود ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیئے گئے ہیں جنہیں تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے جس کی انجام دہی یقینی نہیں بنائی جارہی۔








