اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران حکومت اس قدر نالائق اور نا اہل ہے کہ خود تو اپنا کوئی منصوبہ دے سکے ہیں اور نہ کوئی منصوبہ مکمل کر سکے ہیں بلکہ ن لیگ کے دور کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر انہیں عمران خان کا ویژن بنا کر پیش کیا جارہا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ تو شروع ہونے سے قبل ہی انکی کرپشن کی نذر ہوگیا، یہ ہر روز نیا ڈاکہ ڈالنے کا سوچتے ہیں، معیشت کی بہتری کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے، اگر عمران خان کے اے ٹی ایمز بنی گالہ کا خرچہ چلائیں گے تو پھر کرپشن تو کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای لرننگ اور ای لائبریری جیسے منصوبے شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں شروع کئے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا مگر موجودہ نالائق حکومت نے پہلے ان منصوبوں پر الزمات لگا کر انہیں بند کیا اور اب وہی منصوبےعمران خان کا ویژن بنا کرری فارمز پنجاب کے نام پر شروع کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان منصوبوں کے اشتہارات بنا کر اربوں روپے کی دیہاڑیاں لگائی جارہی ہیں۔

، انہوں نے کہا کہ آج اگر کورونا کے باوجود بچے آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو یہ نواز شریف اور شہباز شریف کی دی گئی ٹیکنالوجی کے باعث ہی ممکن ہوا ہے، موجودہ حکومت کے معیشت کی بہتری کے سارے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، ماہ رمضان میں لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ معیشت کتنی بہتر ہوئی ہے، مزید کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں شروع ہونے والے منصوبوں پر تختیاں لگا کر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، اگر یہ منصوبے عمران خان کا ویژن ہیں تو گذشتہ آٹھ برسوں میں اسے کے پی کے میں کیوں شروع نہیں کیا گیا؟

موجودہ حکومت تین سال میں کوئی بھی نیا منصوبہ مکمل نہیں کر سکی ہے، ان کے ہر منصوبہ میں سے کرپشن نکل رہی ہے چاہے وہ، آٹا اسکینڈل ہو، چینی، ادویات، ایل این جی یا پھر رنگ روڈ منصوبہ جو شروع ہونے سے قبل ہی عمرانی ٹولے کی کرپشن کی نذر ہوگیا، اس وقت جھوٹے، فراڈیئے اور چور ملک پر مسلط ہیں ، مزید کہا کہ عید سے قبل مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روک کر حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں چودہ ہزار میگا واٹ بجلی، موٹر ویز، میٹرو، اورنج لائن ٹرین سمیت درجنوں منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے۔

نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے، ن لیگ نے اپنے دور اقتدار میں دعوے یا سیاست نہیں کی بلکہ میگا منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی دی ہے، نالائق اور نا اہل ٹولہ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی خاطر سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کر رہا ہے، اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو عوام کے ہاتھ نا اہل اور کرپٹ ٹولے کے گریبان پر ہونگے۔

Shares: