طلبہ کے لیے اہم خبر،دینی مدارس میں داخلہ جاری

0
67

لاہورتحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام چلنے والے مدارس دینیہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو گیا ہے۔ داخلہ کے لیے پہلے روز ہی طلباء کی ایک بہت بڑی تعداد نے داخلہ لیا۔ مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں مرکزی تقریبِ ”بسم اللہ“ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت شیخ الحدیث مفتی ارشاد احمد حقانی جلالی نے کی۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی نے بخاری شریف کی پہلی حدیث شریف پڑھا کر نئے تعلیمی سال کا آغاز کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہم سرکاری خطبہ نہیں، قرآن و سنت کا خطبہ دیتے رہیں گے۔ سرکاری خطبہ کا مطلب کلمہئ حق بلند کرنے والوں کا گلا دبانا ہے۔ انگریز کے عہدِ حکومت سے لے کر آج تک محراب و منبر کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے مگر آج تک کسی کو اس مقصد میں کامیابی نہیں ہوئی۔

محراب و منبر سے ٹکرانے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔مدارس دینیہ نے دورِ غلامی میں بھی دین کی شمع کو بجھنے نہیں دیا۔ مدارس اور مساجد سے چھیڑ چھاڑ حکومت کو لے ڈوبے گی۔ مدارس و مساجد کی حریت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے سلسلہ میں گرفتار شدگان کو فوراً رہا کیا جائے۔ بے گناہ عاشقانِ رسول ﷺ پر تشدد سے نفرت کے جذبات جنم لے رہے ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد زاہد نعمانی نے کہا:مرکز صراط مستقیم اور جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام کی برانچز میں طلباء میں تعلیم دین کے ساتھ اقامت دین کا جذبہ بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد صدیق مصحفی نے کہا: ہمارے فارغ التحصیل علماء قوم کی امیدوں پر پورا اتر رہے ہیں اور معاشرے میں امربالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ بھر پور طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں علامہ محمد جاوید اجمیری، مفتی محمد صمصام مجددی، مفتی محمد حذیفہ جلالی، مولانا محمد عرفان قادری، قاری محمد جمیل جلالی، علامہ فلک شیر جلالی، علامہ فرمان علی حیدری، علامہ محمد مبشر رسول صدیقی، مولانا محمد عادل جلالی، ڈاکٹر محمد اظہر اللہ جلالی، علامہ محمد شمعون بہادر جلالی و دیگر نے شرکت کی۔

Leave a reply