لوگوں کے مسائل کے فوری طور پر حل کے لئے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ معاون خصوصی کا بڑا دعوی

0
36

لاہور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے نئے سفر میں لیہ کی عوام کو اس کا حق ملا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی سے جڑا 14 ارب روپے سے زائد کا تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
 

انہوں نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ پروگرام، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، یونیورسٹی اور گرلز ڈگری کالج کا قیام، کرکٹ سٹیڈیم، گریٹر تھل کینال منصوبہ، دریائے سندھ پر لیہ تونسہ پُل، ریسکیو سروس، روڈز، نکاسی و فراہمی آب اور درجنوں منصوبے عوام کے زخموں پر مرحم اور لیہ کی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے حکومت ”خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارجلد کریں گے۔

پروگرام کا پہلا مرحلہ تین ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔پہلا ہفتہ صفائی، دوسرا نکاسی آب اور تیسرا سرکاری عمارات کی صفائی ستھرائی کیلئے مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ”خدمت آپکی دہلیز پر“ کے نام سے ایپ تیارکی گئی ہے اور شہری اسے پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ہفتہ صفائی میں کوڑا کرکٹ، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اٹھانے، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، وال چاکنگ ختم کرنے کیلئے مہم چلائی جائے گی۔

ہفتہ نکاسی آب میں سیوریج کے نکاس، ڈرینز، مین ہولز، پبلک ٹوائلٹس کی صفائی کی جائے گی۔ہفتہ صفائی ستھرائی سرکاری عمارات دفاتر کی صفائی، وائٹ واش، پارکوں اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی کیلئے ہوگا۔ محکمے سرکاری معمولات کے علاوہ ہر ہفتے ایک تھیم کے تحت کام کریں گے۔پروگرام میں سول سوسائٹی، مقامی افراد اور ٹائیگر فورس کو بھی شریک کیا جائے گا۔ہر ہفتے دیئے گئے ٹارگٹس پر عوام سے براہ راست فیڈ بیک لیا جائے گا اورفیلڈ سرگرمیوں کوایپ کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا۔کارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی کی جائے گی۔

Leave a reply