وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کی یکساں ترقی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور خاص طور سے مختلف علاقوں میں انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد شروع کرر کھا ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال کے وژن کے مطابق صوبے میں سڑکوں کا جال بچھا نے بندات کی تعمیر اور فراہمی آب کی اسکیموں پر اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مالی سال 2020-2019 کے دوران پی ایس ڈی پی ( سالانہ ترقیاتی پروگرام ) میں صرف ضلع لسبیلہ میں جس بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اس کا مشاہدہ اس سے پہلے علاقے کی عوام نے کبھی نہیں کیا۔ واضع رہے کہ وزیر اعلیٰ جام کمال اسی علاقے سے ایم پی اے منتخب ہوئے ہیں اور علاقے کے لوگوں کو ان سے توقعات وابستہ ہیں۔ پی ایس ڈی پی میں بڑا باغ تاگوٹھ بلیک ٹاپ، حسن گدور تاشیخ گوٹھ، گوہاربلیک ٹاپ، اوتھل،لاکھڑا، بچائو بند ،اور کی لاکھڑا ،یونس گوٹھ تا چنال گوٹھ بلیک ٹاپ کی تعمیر شامل ہے۔

ان منصوبوں پر لاگت کا تخمینہ 44کروڑ 70 لاکھ روپے ہے۔ جبکہ بچائو بند بڑا باغ پر 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ لسبیلہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے باعث 97 کروڑ روپے کی لاگت سے بیلہ بائی پاس کی تعمیر بھی جاری ہے۔ جبکہ مرگ مار پر 47 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ اسی طرح ضلع لسبیلہ میں ہی سید نور علی شاہ گوٹھ تا کاٹھور بلیک ٹاپ روڈ 4.5 کلو میٹر، ہنگلاج ماتا روڈ ،دودرکیمپ تا کنراج تھانہ روڈ ،آر سی ڈی تا ڈام ،گوٹھ عبداللہ ڈگارزئی یو سی لال بخش ،امین فضل برو تا ٹھوڑی اوتھل سڑک کی تعمیر مجموعی طور پر 59 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے جاری ہے۔

اس کے علاوہ حب اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں مختلف سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے جن میں وندر سٹی کی اندرونی سڑکیں، سرنیوالی محمد علی موندرا تا سردار گوٹھ، گڈانی سٹی تا برکت گوٹھ ،ہندو جاموٹ سردار گوٹھ جام یوسف آباد ،لاکھڑا تا کانکی روڈ شامل ہیں۔ جن کے لئے رواں مالی سال کے دوران 65 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ مالی سال 2020-2019 پی ایس ڈی پی میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے گجر ڈیم، 5کروڑ روپے انیرو ڈیم اور 12 کروڑ روپے کھار کھچہ ڈیم کی تعمیر کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ حب ساکران میں آر سی ڈی پل کی تعمیر جاری ہے جس کیلئے 14 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں مقامی آبادی کی پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر سپلائی اسکیم چنکارہ تا لیاری اور واٹر سپلائی اسکیم صاحب خان گوٹھ شمالی کنراج زیر تکمیل ہیں ۔فراہمی آب کی ان اسکیموں کیلئے 21 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح جام میر غلام قادر اسٹیڈیم حب میں پویلین اور بائونڈری وال کی تعمیر کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ٹی ٹی سی حب کی عمارت بھی زیر تکمیل ہے جس کیلئے5 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

مختلف علاقوں میں انفرا سٹرکچر کی فراہمی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں وہیں وہ اپنے حلقہ انتخاب میں بھی اپنے رائے دہندگان کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

Shares: