نیوکراچی کے صنعتی ایریا میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔کئی گھنٹوں سے لگی اس آگ پر آگ بجھانے والی دس گاڑیاں قابو پانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں مگر تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔تاہم آگ کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید فائر بریگیڈ بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔اس وقت آگ کنٹرول کرنے کے لیے ایک اسنارکل،دو واٹر بائوزر اور دس گاڑیاں مصروف عمل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صنعتی ایریا میں لگی آگ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ اس وقت آگ بجھانے کی دس گاڑیاں قابو پانے کے لیے موقعہ پر موجود ہیں جبکہ مزید گاڑیاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق گارمنٹس کی فیکٹری میں لگی آگ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی کہ کس وجہ سے آگ لگی ہے ا ور اس وقت تک آگ کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی خبر بھی موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ کو تین گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور اب تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کراچی کی فیکٹری میں آگ لگی اور بروقت بجھائی نہیں جا سکی بلکہ اس سے قبل بھی آگ لگنے کے ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں جن کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہو گیا۔رواں سال کے آغاز میں ہی کراچی سائٹ ایریا میں کیمیکل کی ایک فیکٹری میں آگ لگی تھی جبکہ اس کے کچھ عرصے بعد سائٹ ایریا کی ایک اور دھاگا بنانے والی فیکٹری میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہو گیا تھا۔

Shares: