مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع

لاہور ۔ 29 جولائی(اے پی پی )لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کر دی ہے ۔ انسداد منشیات عدالت لاہور کے جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام سے چالان کی تفصیلی کاپیاں طلب کر لیں ۔ دوران سماعت فاضل جج خالد بشیر نے ریمارکس دیے کہ رانا ثناء اللہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں تو انہیں روسٹرم پر بلوا لیں جس پر انھیں روسٹرم پر بلوایا گیا ۔ دوران سماعت عدالت کی جانب سے ملزم سے پوچھا گیا کہ آپ کا جیل میں میڈیکل کیا گیا تھا جس پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میرا معمول کے مطابق میڈیکل کیا گیا مگر میری میڈیکل رپورٹس اور ادویات نہیں دی جا رہی ہیں ،جس پر عدالت نے کہا کہ آپ تحریری درخواست دائر کریں اس پر اے این ایف اور جیل حکام کا جواب ریکارڈ پر آجائے گا ۔ رانا ثناء اللہ نے اس دوران عدالت سے استدعا کی کہ میری میڈیکل رپورٹس کرائی جائیں ۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کی میڈیکل کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے 31 اگست تک جیل حکام کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی ۔ علاوہ ازیں سماعت شروع ہونے سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور سابق ایم این اے طلال چودھری نے رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی ۔

Shares: