پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی لسانی و تعصب زدہ سیاست نے شہری سندھ کو زندہ در گور کردیا ہے، مصطفی کمال

0
50

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی لسانی و تعصب زدہ سیاست نے شہری سندھ کو زندہ در گور کردیا ہے۔اقتدار و وسائل پرقابض حکمرانوں نے بلدیاتی نظام کو معطل کرکے جہاں ایک جانب آئین پاکستان کی دھجیاں اڑا دی ہیں تو وہیں دوسری جانب عوام کو تمام بنیادی ضروریات سے بھی محروم کردیا ہے، بلدیاتی نظام کے حوالے سے مکمل تشریح آئین کا حصہ ہونی چاہیے تاکہ کوئی وزیر اعلی اپنی مرضی کے مطابق آئین کی تشریح نا کرسکے۔
گزشتہ 72 سال سے مسند اقتدار پر براجمان حکمرانوں نے حیدرآباد سمیت پورے پاکستان کے ساتھ بدترین سیاسی اور معاشی کھلواڑ کیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبہ اور اس کے عوام تعلیمی، طبی اور معاشی پسماندگی کیساتھ ساتھ بدامنی اور لاقانونیت کے دلدل میں دھنستے چلے گئے ہیں۔
ن خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں معززین شہر، تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی کا مقصد عوام کو حکمراں بنانا ہے، ہمیں حکومت ملی تو ہم پی ایف سی ایوارڈ کے زریعے اختیارات اور وسائل کو نچلی ترین سطح پر اس مثالی انداز میں منتقل کریں گے کہ عوام خود بخود حکمران بن جائیں گے۔
ہم اختیارات اور وسائل کو ایوان وزیر اعظم اور ایوان وزیر اعلی سے نکال کر پاکستان کی ایک ایک گلی میں ایسے منتقل کریں گے کہ عوام کیساتھ ظلم و زیادتی کرنے والوں کے محاسبے کے لیے کسی الگ ادارے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ آسان، سستا اور نظر آتا ہوا انصاف عوام کو انکی دہلیز پر ملے گا۔ اٹھارویں ترمیم سے صوبے کے وزیر اعلی اختیارات اور وسائل پر قابض ہیں، اب یہ وزرا اعلی کی مرضی پر منحصر ہے کہ وہ کسی ڈسٹرکٹ کو وسائل فراہم کریں یا نا کریں، اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کیے بغیر اختیارات اور وسائل نچلی ترین سطح پر عوام تک نہیں پہنچ سکتے، لحاظہ این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا کیا جائے، وفاقی حکومت این ایف سی کو پی ایف سے کیساتھ لازم و ملزوم قرار دینے کے علاوہ تواتر سے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، تب ہی ملک میں تباہ حال معیشت، انفرااسٹرکچر اور سماجی معاملات کو بحالی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔

Leave a reply