شیخوپورہ (محمد فہیم شاکر سے)تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ کھوکھر ٹاؤن میں تین ڈاکوؤں نے ایک شہری محمد وقاص کے گھر داخل ہوکر اسکے اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر باتھ روم میں بند کرکے گھر سے نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات لوٹ لئے، اسی تھانہ کے علاقہ جمیل ٹاؤن میں تین ڈاکو ایک میڈیکل سٹور پر گاہک بن کر آئے اور گن پوائنٹ پر پونے چار لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے
تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ محلہ چوڑی گراں میں بھی دو ڈاکوؤں نے ایک شہری طیب الحسن کے گھر داخل ہو کر اسکی کمسن بیٹی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنانے کے بعد گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرارہوگئے، محلہ سلطان پورہ میں بھی دو ڈاکوؤں نے دودھ دہی فروش محمد وقاص سے گن پوائنٹ پر پونے تین لاکھ روپے کی رقم چھین لی اور فرار ہوگئے، اسی تھانہ کے علاقہ سالار ٹاؤن میں بھی دو ڈاکوؤں نے ایک شہری احسان اللہ کے گھر میں داخل ہوکر گن پوائنٹ پر دو لاکھ روپے چھین لئے اور فرار ہوگئے
اسی تھانہ کے علاقہ صدیقیہ کالونی میں بھی چار ڈاکوؤں نے ایک شہری محمد اسحاق کے گھر داخل ہو کر اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنالیا اور گھر کی تلاشی شروع کردی، مزاحمت پر فائر کرکے ایک نوجوان کو زخمی کردیا اور گھر سے چار لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کرفرار ہوگئے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

Shares: