کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے میں عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق معروف اور ممتاز سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کا مجسمہ انہی کے نام سے منسوب عبدالستار ایدھی چوک پر نصب کیا گیا ہے۔
یہ مجسمہ کوئٹہ کے معروف آرٹسٹ اور مجسمہ ساز اسحاق لہڑی نے تیار کیا اور اسے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوٹ کےتعاون سے نصب کیا گیا ہے۔
پی پی ایچ آئی انتظامیہ کے مطابق مجسمے کا مقصد عبدالستار ایدھی کو گراں قدر سماجی اور انسانیت کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان کے شہر زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا مکمل اور قدآور مجسمہ تیار کرکے نصب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عبد الستار ایدھی خدمت خلق کے شعبہ میں پاکستان اور دنیا کی جانی مانی شخصیت تھے، جو پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تاحیات صدر رہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کی شاخیں تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ان کی بیوی محترمہ بلقیس ایدھی بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن کی سربراہ ہیں۔ دونوں کو 1986ء میں عوامی خدمات کے شعبہ میں رامون ماگسےسے ایوارڈ (Ramon Magsaysay Award) سے نوازا بھی گیا۔