ایچ آئی وی کو روکنے کے لیے ایک ارب کا فنڈ قائم

0
36

کراچی: سندھ میں‌ایچ آئی وی کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نےایک ارب روپے سے انڈونمنٹ فنڈ قائم کردیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سندھ میں ایچ آئی وی کے حوالے سے اسکریننگ کرائی جائے گی اورعلاج معالجہ کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ‌سندھ مراد علی شاہ نے یہ بات عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈبلیو ایچ او وفد کی قیادت ای ایم آر او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد سلیم سیف المیندھری نے کی۔وفد میں ای ایم آر او کے ڈائریکٹر پروگرام مینجمنٹ ڈاکٹر رانا احمد حجاہ الکیبی اور ڈبلیو ایچ او کے ہیڈ آف مشن ان پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا سمیت دیگر شامل تھے۔

عالمی ادارہ کے اعلی سطحی وفتد سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک ارب روپے کی مالیت سے قائم کردہ فنڈ سے متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی اوران کے لیے ضروری ادویات کی خریداری ممکن بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اسپتال کا فضلہ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس بات کو بھی یقیینی بنا رہے ہیں کہ عطائی اور حجام اپنی دکانوں پر کام کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کو لازمی مدنظر رکھیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطحی وفد کو بتایا کہ اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بلڈ بینکوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے جو قواعد و ضوابط کو پیش نظر نہیں رکھتے ہیں۔

Leave a reply