کراچی میں غلط پارکنگ پر ٹریفک پولیس کا ایکشن، سرکاری گاڑیاں لفٹ

0
44

کراچی میں ٹریفک کا اژدھام کنٹرول کرنے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

ڈبل پارکنگ کرنے والے شہری ہوشیار، عام شہری ہو یا سرکاری افسر بشمول پولیس اہلکار غلط پارکنگ کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ اعلان کراچی کی معروف و مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر کئے گئے۔

ٹریفک پولیس کے یہ اعلانات محض رسمی کارروائی نہ رہی بلکہ انہوں نے اس پر عملی مظاہرہ بھی کیا اور شہر قائد کی مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر ڈبل پارکنگ میں کھڑی چار پولیس موبائلز کو لفٹ کرلیا۔

سینئر افسر میٹھادر ٹریفک سیکشن کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر اکثر غلط پارکنگ کے نتیجے میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوجاتی تھی جس سے نا صرف عوام بلکہ دکانداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے.

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو پارکنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے، دکانداروں اور عام شہریوں کو غلط پارکنگ سے روکا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایم اے جناح روڈ پر اب صرف باکس پارکنگ کی اجازت ہوگی، غلط پارکنگ کرنے والا عام شہری ہو یا پولیس اہلکار گاڑی اٹھالی جائے گی۔

Leave a reply