اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر معین الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعمیری رابطہ کاری کے ذریعے پاکستان خطے میں امن و خوشحالی لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،پاکستان نے کرتارپور راہداری (جو کہ پاکستان میں دربار صاحب کرتارپور کو بھارت میں ڈیرہ بابا نانک کے ساتھ منسلک کرے گی) کھولنے کا فیصلہ کرکے اس سمت میں ایک مستحسن فیصلہ کیا ہے، اس کے ذریعے سکھوں کو اپنے سب سے زیادہ مقدس مذہبی مقام تک رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جنوبی ایشیاء کیلئے بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے اور اس کے ذریعے خطے میں محاذ آرائی کے بجائے تعاون، دشمنی کی بجائے امن اور نفرت کی بجائے دوستی کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔ صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر کیلئے بھارت میں کامیاب قیام کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ بھرپور جذبے اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے اور خطے کے عوام کے مفاد میں علاقائی استحکام اور پرامن بقائے باہمی کیلئے حکومت پاکستان کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

Shares: