وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اس جون کے مہینے میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے پتا نہیں یہ پی ٹی آئی حکومت آگے کیا کیا کرے گی ، وفاق نے سندھ کے 106 ارب دینے ہیں، دوسروں کو ڈاکو، چور کہہ کر جان چھڑانے والوں کا وقت آنے والا ہے۔

وزیراعظم اب تک چار وزیر خزانہ تبدیل کر چکے ہیں، وفاق ہمیں آئین کے تحت نیشنل کمیشن کے ذریعے پیسے دیتا ہے، وفاق نے ہمیں 760 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک صرف 654 ارب روپے سندھ کو مل سکے ہیں وفاق نے ابھی 106 ارب سندھ کو دینے ہیں مگر ہمیں نہیں لگتا یہ 106 ارب 30 جون تک سندھ کو ملیں گے۔

وفاق ہمیں پیسے کوئی خیرات میں نہیں دیتا، وفاق اپنا کام ٹھیک طریقے سے نہیں کرسکتا جس کا نقصان صوبوں کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ وہ کشمور میں سابق ضلع ناظم سلیم جان مزاری سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم چوتھا فنانس منسٹر لائے ہیں اور پتہ نہیں کہ وہ اس سے بھی خوش ہیں یا نہیں، یہ فنانس منسٹر نے ہمارے دور میں این ایف سی ایوارڈ لائے تھے، انہوں نے کہا کہ سی سی آئی ایک آئینی فورم ہے اور اس میں اپنا موقف رکھتا ہوں اور اگر میں سی سی آئی سے نکل گیا تو پھر انکے لئے آسانی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گرمیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،جون کی گرمی میں گیس کی قلت ہے تو پی ٹی آئی حکومت آگے پتہ نہیں کیا کیا کرے گی ۔

Shares: