سرگودھا۔30جولائی (اے پی پی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافہ پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ محکمہ بہبود آبادی سماجی، شہری تنظیموں، علماء اور معززین علاقہ کے تعاون سے دیہی علاقوں میں آبادی کے کنٹرول کے لئے خصوصی مہم چلائیں۔مساجد اور منبر ومحراب کو استعمال کرتے ہوئے علماء کے تعاون کے ذریعہ لوگوں میں آبادی کو وسائل کے مطابق متوازن بنانے کا شعور بیدار کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسین احمد گوندل، علماء، محکمہ صحت، تعلیم، اوقاف ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔ بلال فیروز نے کہاکہ اس وقت ملک آبادی اور وسائل کے لحاظ سے عدم توازن کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ سخت قانون سازی کے باوجود روایتی اذہان نوعمری کی شادیوں کے شیدا ہیں اور اسلامی طرز زندگی کے برعکس اپنی ضروریات کو بڑھا کر اپنے لئے مسائل پیدا کرنے کے رجحان دم نہیں توڑ رہا۔ انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کو گاؤں گاؤں قریہ قریہ پاپولیشن ویلفیئر کا پیغام پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

Shares: