امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک میں مہنگائی و بے روزگاری وسودی نظام کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور حکومتی ناقص پالیسیوں ،مہنگائی و بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،دور ہٹو امریکی یاروپاکستان ہمارا ہے ،دور ہٹو آئی ایم ایف کے یارو ۔
پاکستان ہمارا ہے،سودی نظام قبول نہیں ،امریکی غلامی قبول نہیں ،مہنگائی و بے روزگاری کوختم کروکے نعرے لگائے۔مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ لنگر خانے نہیں کارخانے لگاؤ، بے روزگاری ختم کرو۔
نوجوانوں کو روزگار دو، کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری کب ختم ہوگی ، بیوروکریسی، جاگیردار اور سرمایہ دار کریں لوٹ مار، عوام تباہ حال اور بے روزگار، 1کروڑ نوکریوں کا وعدہ کہاں گیا ، IMF اور ورلڈ بینک کا ایجنڈا نامنظور، جاگیردار۔
سرمایہ دار لوٹ کے کھاگئے پاکستان، عوام پر ظلم کی سیاہ رات کب ختم ہوگی ، پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرو۔مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیرڈاکٹراسامہ رضی ، سکریٹری کراچی منعم ظفر خان ،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان ودیگر بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کراچی سے چترال تک قوم سراپا احتجاج ہے ،جب بجٹ کا مثبت اثر عوام کے گھروں میں نہ ہو تو یہ بجٹ عوام کا نہیں بلکہ خواص کا ہے،ہر گزرتے دن کے ساتھ خرچے بڑھ رہے ہیں اور آمدنی کم ہورہی ہے، بجٹ میں یہ بات تو موجود ہی نہیں تھی کہ ہر 15 دن بعد بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا،حکومت میں آنے سے قبل اسد عمر کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں آدھی ہوجائیں گی لیکن آج بجلی کا بل دوگنا ہوگیاہے،ملک میں مافیاوں کی حکومت ہے جو چہرے بدل بدل کر حکومت کرتے اورعوام کا استحصال کرتے ہیں ،جماعت اسلامی کی جدوجہد معیشت میں انقلاب اورنظام کی تبدیلی کی جدوجہد ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں اور جماعت اسلامی کادست و بازو بنیں۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ مہنگائی نے کراچی کے عوام کی کمر توڑدی ہے ،مہنگائی و بے روزگاری نے کراچی کے عوام کو بنیادی ضروری سہولیات سے محروم کردیا ہے،مہنگائی و بے روزگاری سے خود کشی کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ،نوجوان طبقہ ملازمتیں نہ ملنے پر جرائم کی طرف جاررہا ہے ،ملک میں سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کسی صورت قبول نہیں ہے،پوری قوم انگریزوں کے غلاموں کی غلامی پر مجبور ہے ۔
یونس سوہن ایڈوکیٹ نے کہاکہ آج پورے پاکستان میں کراچی سے کشمور تک مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو مہنگائی کے خلاف مظاہرے کررہی ہے۔








