کراچی پریس کلب نے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ندیم ملک کو سمن جاری کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اتوار کوکراچی پریس کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے کہاکہ ایف آئی اے کی جانب سے ایک سینئر صحافی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کرنا صحافت اور اہل صحافت کو’’دہشت گرد‘‘قرار دیے جانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کو اپنی خبر کے ذرائع بتانے کے لیے ایک ایسی دفعہ کے تحت طلب کرنا جس پرعمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں سزا دی جاسکتی ہو، پوری صحافی برادری کے لیے باعث تشویش ہے۔ فاضل جمیلی اورمحمد رضوان بھٹی نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے ندیم ملک کو جاری کردہ نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے اورآئین میں دیئے گئے صحافیوں کے حقوق کا احترام کیا جائے اور ذرائع کی رازداری کے حق کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کہ انسداد دہشت گردی ونگ کا نوٹس واپس نہ لیا گیا تو صحافی برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

کراچی پریس کلب کا ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے سینئر صحافی ندیم ملک کو سمن جاری کیے جانے پر تشویش کا اظہار
Shares: