برطانوی نژاد جوڑے جیمس لسٹڈ اور کلوئی نے حال ہی میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے جس کے مطابق ان میاں بیوی کے قد میں سب سے زیادہ فرق ہے جو تقریباً دو فٹ بنتا ہے۔
باغی ٹی وی :میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی شدہ جوڑوں میں عموماً شوہر اور بیوی کا قد ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ کبھی بیوی زیادہ لمبی ہوتی ہے تو کبھی شوہر کا قد زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود، میاں بیوی کے قد میں اب تک بہت زیادہ فرق مشاہدے میں نہیں آیا۔
33 سالہ جیمس لسٹڈ کا قد 3 فٹ 7 انچ ہے جبکہ ان کی بیوی، 27 سالہ کلوئی کی اونچائی 5 فٹ 5 انچ ہے۔ یعنی ان دونوں میں قد کا فرق 1 فٹ 10 انچ (تقریباً دو فٹ) ہے گزشتہ روز ان کی شادی کو 5 سال ہوئے ہیں جبکہ ان کی ایک بیٹی ’’اولیویا‘‘ بھی ہے۔
جیمس ایک برطانوی اداکار اور ٹیلی ویژن چینل پر میزبان ہیں جبکہ وہ ’’تھری فٹ سیون‘‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی چلا رہے ہیں جہاں چھوٹی جسامت والے لوگوں کےلیے ٹی شرٹس فروخت کی جاتی ہیں جبکہ کلوئی ایک اسکول ٹیچر ہیں۔
ایک جینیاتی بیماری کی وجہ سے جیمس کا قد چھوٹا رہ گیا لیکن انہوں نے اپنے چھوٹے قد کو اپنے لیے مجبوری بننے نہیں دیا۔ البتہ، ان کا خیال تھا کہ وہ اپنے قد کی وجہ سے شاید ہی کبھی شادی کر پائیں گے۔
2012 میں جیمس کو اپنے علاقے میں اولمپک مشعل تھام کر دوڑنے کا موقع ملا جسے پوری دنیا میں دیکھا گیا۔ اس کے بعد کچھ دوستوں نے ان کا تعارف کلوئی سے کروایا جو اس وقت صرف اٹھارہ سال کی تھیں۔
حیرت انگیز طور پر، جیمس سے پہلی ملاقات ہی میں کلوئی کو ان سے پیار ہوگیا اور بالآخر 2016 میں دونوں نے شادی کرلی۔
یہ دونوں آج بھی برطانیہ کی ویلز کاؤنٹی میں اپنی بیٹی اولیویا کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی ’’میاں بیوی میں قد کے سب سے زیادہ فرق‘‘ کا عالمی ریکارڈ ان دونوں کے نام کردیا ہے۔