سندھ حکومت کے فیصلے پر شدید مایوسی ہوئی

صوبہ سندھ میں شادی ہال کی پھر بندش پر شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر نے رد عمل میں سخت مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں انڈین ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے شادی ہال بند کرنے کے فیصلے پر رد عمل میں صدر شادی ہال ایسوسی ایشن رانا رئیس نے کہا ہے کہ انھیں سندھ حکومت کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔

رانا رئیس نے اپنے مؤقف میں کہا کہ تمام شادی ہالز ایس او پیز کی پابندی کر رہے ہیں، جہاں خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں انتظامیہ جرمانہ بھی کر رہی ہے، اس کے باوجود شادی ہال کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا ہم سندھ حکومت کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہم نے اپنی ایسوسی ایشن کا اجلاس طلب کیا ہے.

جس میں ان پابندیوں کے خلاف لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اور اس کے خلاف پُر امن احتجاج کریں گے۔

رانا رئیس کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے شادی ہال بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کریں گے، اور پہلے مرحلے میں کراچی میں احتجاج کیا جائے گا، اس کے بعد احتجاج کا دائرہ صوبہ سندھ اور ملک بھر میں بڑھایا جائے گا۔

Comments are closed.